نئی دہلی،25دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی نے پیر کو الزام لگایا کہ کانگریس اپنے حکومت والی ریاستوں میں کسانوں کو ’’ دھوکہ‘‘ دے ر ہی ہے ۔ انہوں نے اس پارٹی کو کسان مخالف بتایا۔ مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ کانگریس نے پانچ ریاستوں کرناٹک، پنجاب، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں تمام کسانوں کا قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب وہ اپنے وعدے سے منحرف ہو گئی ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک میں 45 ہزار کروڑ روپے کا زرعی قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن 75 کروڑ روپے کی بھی ادائیگی نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ قرض میں ڈوبے کسان پریشان دکھائی دے رہے ہیں اور بینک انہیں نوٹس بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جنتا دل ۔کانگریس حکومت کے چھ ماہ کے دور اقتدار میں 397 کسان خود کشی کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے کل 90 ہزار کروڑ روپے کے قرض کے لئے ریاست کی کانگریس حکومت نے بجٹ میں تین کروڑ روپے بھی مختص نہیں کیا ہے ۔